”دبئی ایکسپو2020“کی تیاریاں زوروشورسے جاری، میگاایونٹ کاآغاز یکم اکتوبرسے ہوگا، پاکستان پویلین قائم ہوگا

93
Dubai

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے شہردبئی میں ”دبئی ایکسپو2020“ کے نام سے بین الاقوامی نمائش کیلئے تیاریاں زوروشورسے جاری ہے،نمائش میں 191 ممالک کی کمپنیاں شرکت کریں گی، میگاایونٹ کاآغاز یکم اکتوبرسے ہوگا،

دبئی ایکسپو2020 میں دیگرممالک کی طرح پاکستان پویلین بھی شامل ہو گا جس میں پاکستان میں اقتصادی، تجارتی،کاروباری اورسرمایہ کاری کے مواقع کے ساتھ ساتھ ثقافتی منظرنامے کو بھرپورطریقے سے اجاگرکیا جائے گا ، پاکستانی پویلین کے لئے 2900 مربع میٹر جگہ مختص کی جائے گی ۔

کووڈ۔19 کی عالمگیروبا کے تناظرمیں اس سال متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دبئی ایکسپو کیلئے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔

دبئی ایکسپو2020 کے حوالہ سے میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے دبئی ایکسپوکی وائس پریذیڈنٹ تقریبات کیٹ رنڈال،ڈائریکٹربزنس خالد شراف، چیف آف سٹاف نادیہ ورجی،ہیڈآف میڈیا آپریشنزایمیلی گروز، ہیڈ آف میڈ یا ریڈی نیس انجلا براک ، شولوتو ڈگلس اوردیگرنے جمعرات کوآن لائن میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ میگاایونٹ کاآغاز یکم اکتوبرسے ہوگا۔

قبل ازیں اس ایکسپوکے افتتاح کیلئے گزشتہ سال 20 اکتوبر کی تاریخ مقررکی گئی تھی تاہم کووڈ۔ 19 کی عالمگیروبا کے تناظرمیں یواے ای کی حکومت نے اسے ملتوی کردیا تھا۔نمائش میں 191 ممالک کی کمپنیاں شرکت کریں گی۔نمائش تقریباً 182 دن تک مسلسل جاری رہے گی۔اس سال ایکسپوکاموضوع ”اذہان کے ارتباط سے مستقبل کی تعمیر“رکھا گیاہے۔نمائش کیلئے 1083 ایکڑاراضی اورمقامات مختص کئے گئے ہیں۔ ایکسپو2020 میں شرکت کیلئے 18 جولائی سے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگی تاہم بچوں اور60 سال سے زائد افراد کیلئے داخلہ مفت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ایکسپو2020 دنیا بھرمیں میڈیا کے اداروں کیلئے مختلف مواقع فراہم کررہاہے۔ دبئی ایکسپوکے موقع پر اس میں شرکت کرنے والے ممالک اپنے ثفافتی شوز بھی منعقد کریں گے، یہ شوز یومیہ بنیادوں پرہوں گے، اسی طرح روزانہ 45 منٹ کی پریڈہوگی جس میں تمام ممالک کی نمائندگی ہوگی۔ڈائریکٹر ایکسپوبزنس خالدشراف نے بتایا کہ ایکسپومیں 191 ممالک شرکت کررہے ہیں اور جس طرح بین الاقوامی تجارتی، کاروباری اورثفافتی میلہ میں اتنی بڑی تعداد میں ممالک شامل ہورہے ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہاکہ اہم کاروباری ایونٹ میں شرکت کرنے والے ممالک کو ان منڈیوں تک رسائی کے مواقع حاصل ہوں گے جہاں ماضی میں بین الاقوامی رسائی کی شرح کم تھی بالخصوص یہ ایکسپوافریقی ممالک تک بہتر رسائی کا اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایکسپوکے موقع پرتجارت اورسرمایہ کاری سے متعلق 13 خصوصی بزنس فورمز کے تحت مختلف پروگرام اورایونٹ ترتیب دئیے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ خلیج تعاون کونسل اورچیمبرز آف کامرس اس ایکسپومیں خصوصی طورپرشرکت کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دبئی ایکسپو 2020 شرکت کرنے والے ممالک کو اپنے خصوصی شعبوں کوبین الاقوامی دنیا اور خریداروں کے سامنے پیش کرنے کاموقع فراہم کررہاہے، اس میں بزنس کمیونٹی کیلئے خصوصی پروگرام ہوں گے جنہیں آن لائن بھی دیکھا جاسکے گا۔دبئی ایکسپو2020 کی چیف آف سٹاف نادیہ ورجی نے بتایا کہ ایکسپومیں تمام ممالک اپنے پویلین قائم کریں گے،ہرپویلین میں خصوصی پروگرام ہوں گے۔

یہ پروگرام ہرملک اپنے شعبہ جاتی ترجیحات کے مطابق منعقد کرے گا، اس کے علاوہ ہرپویلین میں خصوصی ہفتہ وارپروگرام کاانعقاد بھی ہوگا۔دبئی ایکسپوکے وائس پریذیڈنٹ محمدالانصاری نے بتایا کہ یہ ایک بامعنی ایونٹ ہے،اس میں خلائی سائنس وٹیکنالوجی سے متعلق سپیس ویک جیسے متنوع موضوعات کااحاطہ کیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ پالیسی سازوں اورعام لوگوں کیلئے یکساں اہمیت کاحامل ایونٹ ہے ۔منتظمین نے بتایا کہ کووڈ۔ 19 کی عالمگیروبا کے تناظرمیں دبئی ایکسپوکیلئے خصوصی اقدماات کئے گیے ہیں، تمام عملہ اور بین الاقوامی وزیٹرز کیلئے مفت کورونا ویکسین کی فراہمی کاانتظام کیا گیاہے۔

ایکسپو کے موقع پرسماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا اوراس ضمن میں ٹیکنالوجی کااستعمال بھی ہوگا۔ مختلف مقامات پردرجہ حرارت ماپنے والے تھرمل کیمرے نصب ہوں گے۔ صحت کے حوالہ سے امور کیلئے خصوصی سہولیات فراہم کی جائے گی اورصحت کی تمام گائیڈلائنز کاخیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ۔19 ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہوگی اورکسی وزیٹرکوبخارہونے کی صورت میں انہیں فوری طورپرطبی امداد کی فراہمی کویقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھرسے میڈیا کے اداروں کوآن لائن رسائی کی سہولت دی گئی ہے، میڈیا کے جو ادارے ایکسپومیں شرکت کرنا چاہتے ہیں انہیں ایکریڈیٹیشن حاصل کرنا ہوگی، روزانہ کی بنیادپرمیڈیا بریفنگ ہوگی۔میڈیا کے اداروں کوآن لائن اورسیٹلائیٹ رسائی کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ایکسپو میں لائیو ایونٹس کاانتظام ہوگا اوربریکنگ نیوز کی سہولت بھی ہوگی،سٹوڈیو کیلئے وسائل محدود ہیں اورمیڈیا کے اداروں کوپیشگی بکنگ کی سہولت دی گئی ہے،

ٹی وی سٹوڈیو، ریڈیو سٹوڈیو کی سہولت محدود ہے جو مفت ہوگی تاہم کیمرہ اوردیگر سہولیات حاصل کرنے والی ٹیموں کوادائیگی کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایک اندازے کے مطابق ایکسپو2020 دیکھنے کیلئے 25 ملین لوگ آئیں گے۔ تاہم کووڈ۔ 19 کے تناظرمیں 13 ممالک سے وزیٹرز کی شرکت پرپابندی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ روزانہ وزیٹرز کی تعداد کاتعین صورتحال کے مطابق ہوگا، ایک اندازے کے مطانق روزانہ ایک لاکھ 20 وزیٹرز ایکسپو دیکھنے کیلئے آئیں گے اوراسی کے مطابق انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ایکسپومیں پاکستان پویلین قائم کیا جائے گا جس میں پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کے سٹالوں کے ذریعہ بین الاقوامی خریداروں کوراغب کریں گی۔پاکستان پویلین کیلئے 2900 مربع میٹر جگہ مختص کی گئی ہے۔پاکستان پویلین میں پاکستان کے ثقافتی رنگوں کونمایاں اندازمیں اجاگرکیاجائے گا۔