دبئی۔7فروری (اے پی پی):دبئی کی معیشت نے 2024 کے پہلے نو ماہ میں 3.1 فیصد کی مضبوط ترقی ریکارڈ کی، جس کے نتیجے میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) 339.4 بلین درہم تک پہنچ گئی۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس اقتصادی ترقی میں کلیدی شعبوں کی شاندار کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا۔تھوک اور خوردہ تجارت کا شعبہ، جو دبئی کی معیشت میں سب سے بڑا حصہ دار ہے، 2.9 فیصد بڑھ کر 83.12 بلین درہم تک پہنچ گیا اور جی ڈی پی میں 24.5 فیصد حصہ ڈالا۔ٹرانسپورٹ اور اسٹوریج کا شعبہ 5.3 فیصد اضافے کے ساتھ 42.135 بلین درہم پر پہنچا، جو جی ڈی پی میں 12.4 فیصد کا حصہ رکھتا ہےجبکہ مالیاتی اور بیمہ کی سرگرمیوں میں 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی کل مالیت 39.439 بلین درہم تک پہنچ گئی، اور یہ معیشت کا 11.6 فیصد حصہ بنتی ہے۔
دیگر ترقی پذیر شعبوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انفارمیشن اور کمیونیکیشنز کے شعبے میں 4.1 فیصد، جبکہ ہوٹلنگ اور خوراک کی خدمات میں 3.7 فیصد کی ترقی ریکارڈ کی گئی۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں 2.3 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ ریئل اسٹیٹ شعبہ 3.6 فیصد اضافے کے ساتھ 27.288 بلین درہم تک پہنچ گیا، جو کہ میں جی ڈی پی 8 فیصد کا حصہ رکھتا ہے۔ اسی طرح، تعمیراتی شعبے میں 2.2 فیصد ترقی دیکھی گئی، جو کہ جی ڈی پی کا 6.5 فیصد بنتی ہے۔دبئی کے محکمہ معیشت و سیاحت (ڈی ای ٹی ) کے ڈائریکٹر جنرل ہلال سعید المری نے کہا کہ دبئی کی معاشی ترقی جدت، سرمایہ کاری اور دبئی اکنامک ایجنڈا ’’ڈی-33 ‘‘کے سٹریٹجک اہداف کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مقصد 2033 تک معیشت کو دوگنا کرنا ہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557022