30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںدرست پیمائش ترقی کا پہلا زینہ ہے، انجینئر نوید سرفراز

درست پیمائش ترقی کا پہلا زینہ ہے، انجینئر نوید سرفراز

- Advertisement -

سیالکوٹ۔ 20 مئی (اے پی پی):معروف ماہرِ مکینیکل انجینئرنگ انجینئر نوید سرفراز نے کہا ہے کہ درست پیمائش ترقی کا پہلا زینہ ہے جو صرف ایک سائنسی تقاضا نہیں بلکہ جدید دنیا کی معیشت، صنعت، طب، تحقیق، اور ماحولیات کی بنیاد ہے۔انہوں نےپیمائش کے عالمی دن پر مقامی ٹیکنیکل کالج میں سائنسی و تعلیمی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں آج کا دن اس تاریخی معاہدے کی یاد میں منایا جا رہا ہے جسے ’’میٹر کنونشن‘‘ کہا جاتا ہے جو 1875 میں منظور کیا گیا جس کی بدولت عالمی سطح پر ایک مربوط، سائنسی اور قابلِ اعتبار نظامِ پیمائش قائم کیا گیا۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سائنسی اصولوں خاص طور پر میٹرو لوجی (علمِ پیمائش) کو صرف نصاب تک محدود نہ رکھیں بلکہ عملی زندگی میں اس کا اطلاق سیکھیں کیونکہ انجینئرنگ، الیکٹریکل، سول اور میڈیکل فیلڈز میں ملی میٹر کی غلطی بھی سنگین نتائج دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ایجاد، علاج، تعمیر یا پیداوار کی جانچ تبھی کر سکتے ہیں جب ہمارے پاس عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور قابلِ اعتماد پیمائشی نظام موجود ہو ۔ تقریب میں طلبہ نے سائنسی ماڈلز، ماپنے کے آلات اور میٹرو لوجی سے متعلق چارٹس کی نمائش کی، جسے شرکا نے بے حد سراہا۔

- Advertisement -

آخر میں پرنسپل کالج نے انجینئر نوید سرفراز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تقریبات منعقد کرتا رہے گا تاکہ جدید ٹیکنیکل تعلیم کا شعور طلبہ میں اجاگر کیا جا سکے۔تقریب کا اختتام ایک متفقہ اعلامیہ کے ساتھ ہوا جس میں حکومت، صنعت و تجارت، اور تعلیمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ میٹرو لوجی کو قومی سطح پر فروغ دیا جائے اور جدید پیمائشی آلات کی دستیابی کو آسان بنایا جائے۔۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599156

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں