لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب عمران قریشی نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کے بہائو میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ جمعے کو سیلاب اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہائو 59 ہزار 287 کیوسک ہے جو نچلے درجے کا سیلاب ہے، اسی طرح ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 81 ہزار 794 کیوسک اور اخراج 67 ہزار 847 کیوسک ہے، یہاں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج میں طغیانی سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف آپریشن جاری ہے، 17سے 31 اگست کے دوران 595دیہات کو احتیاطا ًمکمل یا جزوی خالی کرایا گیا، ایک ہزار سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے چوبیس گھنٹے ریلیف آپریشنز میں حصہ لیا، تین ہزار سے زائد لائف جیکٹس متاثرہ اضلاع میں فراہم کی گئیں، 108میڈیکل کیمپ لگائے گئے، ایمرجنسی ریسپانس کےلئے 16 ایمبولینسز متاثرہ علاقوں میں الرٹ رہیں، میڈیکل کیمپس میں 42 ہزار سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی گئیں 181ریلیف کیمپس متاثرہ اضلاع میں قائم کئے گئے اور تقریبا 3 لاکھ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر ٹرانسپورٹ مہیا کی گئی۔
عمران قریشی کا کہنا تھا کہ تمام متاثرہ اضلاع میں مجموعی طور پر چالیس ہزار افراد کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، متاثرہ اضلاع میں 78 ہزار سے زائد افراد کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا، تین لاکھ سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ اکیاسی ہزار سے زائد مویشیوں کو طبی سہولیات دی گئیں۔ دوسری جانب ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ سیلاب کے مکمل خاتمے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی، انتظامی افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں گے، متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، کسانوں کی فصلوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا اور سیلاب سے متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ نبیل جاوید نے کہا کہ تمام اداروں نے ایمرجنسی صورتحال میں بہترین کارکردگی دکھائی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=385020