دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا اور سندھ کی ٹیموں نےنیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں اپنے، اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی

107

راولپنڈی۔25ستمبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا اور سندھ کی ٹیموں نےنیشنل ٹی ٹونٹی میں اپنے، اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں گذشتہ روز کھیلےگئےپہلے میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو بآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

دفاعی چیمپئن کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ میچ میں چار وکٹیں حاصل کرنے پر عمران خان سینئر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فاتح ٹیم نے 153 رنز کا ہدف انیسویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار بیٹنگ نے خیبر پختونخوا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 136 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔

صاحبزادہ فرحان 49 گیندوں پر 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ کپتان محمد رضوان نے 47 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا افتخار احمد اور عادل امین چھ، چھ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ خیبرپختونخوا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر اوپنر فخر زمان تھے ۔

وہ ایک کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے۔ اس سے قبل خیبر پختو نخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

خیبرپختونخوا کے فاسٹ باؤلرز نےمیچ کے آغاز سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ عمران رندھاوا کے علاوہ سدرن پنجاب کا کوئی بھی بیٹر عمران خان سینئر، شاہین شاہ آفریدی، ارشد اقبال اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری۔

عمران رندھاوا 46 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 54 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ حسان خان 25 اور خوشدل شاہ 24 نز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس دوران زین عباس 12، ذیشان اشرف 11، صہیب مقصود صفر، اعظم خان 14، عامر یامین 2، محمد الیاس 1 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔خیبرپختونخوا کے عمران خان سینئر نے 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد وسیم جونیئر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔دوسرے میچ میں سندھ نےنادرن کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔ ٹاس جیت کر نادرن کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 3۔19 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔محمد نواز 30 رنز، حارث 19 رنز، عمر امین اور عماد وسیم 18، 18 رنز بناسکے۔

شاہنواز نےتین، محمد حسین اور زاہد محمود نے دو، دوجبکہ دانش عزیز اور رومان رئیس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سندھ کی ٹیم نے اپنا مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پورا کرتے ہوئے 140 رنز بنائے۔شرجیل خان نے 43 رنز، انور علی نے 31 رنز بنائے جبکہ سرفراز احمد 42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ حارث رؤف اور عماد وسیم نے دو، دو کھلاڑی جبکہ سہیل تنویر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سرفراز احمد مین آف دی میچ قرار پائے۔