دفتر خارجہ کا دنیا بھر کی خواتین سفارت کاروں کو اپنے ممالک کی نمائندگی کرنے اور گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر شاندار خراج تحسین

180
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):دفتر خارجہ نے پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین سفارت کاروں کو اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے گراں قدر خدمات سر انجام دینے اور خود کو پیشہ ورانہ مہارت کی علامت ثابت کرنے پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ وزارت خارجہ میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور پاکستان اور دیگر ممالک کی خواتین سفارت کاروں نے شرکت کی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سفارت کاری کے شعبے میں پاکستان کی خواتین ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں اور وہ ملک کی ترقی میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان خدمات نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مزید یہ کہ پاکستان کی خواتین ہمیشہ نئے معیارات قائم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ملک کی خدمت میں خواتین پاکستانی سفارت کاروں کی شاندار خدمات کا اعتراف کیا جو روایتی جوش، جذبے اور محنت کے ساتھ پاکستان اور بیرون ملک کام کر رہی ہیں۔

خواتین سفارت کاروں نے پینل مباحثہ میں اپنے ممالک کے لیے ان کی طرف سے ادا کیے گئے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ بحث میں حصہ لینے والوں میں پاکستان میں مالدیپ کی ہائی کمشنر فرزانہ ظاہر، آسٹریا کی سفیر اینڈریا وک، پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا، چین کی ناظم الامور پینگ چنکسو اور فلپائن کی ناظم الامور ماریا اگنیس شامل تھیں۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت کا 45 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے جو اپنے اپنے شعبوں میں مثالی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو ملک کی 51 فیصد خواتین آبادی کو ایک قابل قدر افرادی قوت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا دن مناتے ہوئے خواتین کو ترقی کی منازل طے کرنے میں مدد فراہم کرنے پر مردوں کے تعاون پر مبنی کردار کا بھی اعتراف کرنے کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں دفتر خارجہ کی ترجمان اور ڈائریکٹر ایشیا بحر الکاہل ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ان خواتین سفارت کاروں کو سراہا جنہوں نے اپنے ممالک کے لیے جوش و جذبے سے اپنا کردار ادا کیا۔ اس موقع پر سفارت کاری کے شعبے میں نئی بلندیوں پر پہنچنے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے پر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔