اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):دفتر خارجہ نے سابق سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر ہمایوں خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں ڈاکٹر ہمایوں خان کے انتقال پر مرحوم کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کی گئی ہے اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا کی گئی۔
ڈاکٹر ہمایوں خان نے 1988 سے 1989 تک پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کی حیثیت سے کام کیا اور مختلف دیگر ذمہ داریاں بھی ادا کیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے ایک سفارتکار کی حیثیت سے زبردست خدمات سرانجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر ہمایوں خان کی نماز جنازہ جمعرات کو اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں قائم مقام سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔