اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکرےا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرپر پاکستان کے موقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا ہے، ہفتہ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جراتمندانہ اور جامع انداز میں مسئلہ کشمیر ،روہینگیا اور افغانستان سمیت تمام علاقائی مسائل کو اجاگر کیا ہے، انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی قابض افواج کی طرف سے بے گناہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بربریت کو عالمی دنیا کے سامنے اجاگر کیا، نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی اور پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔