دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کا فضائی حملہ، روس نے سلامتی کونسل کااجلاس طلب کر لیا

159
Dmitry Polyansky
Dmitry Polyansky

اقوام متحدہ ۔2اپریل (اے پی پی):روس نے شامی دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیل کے فضائی حملے پر بریفنگ کے لئے سلامتی کونسل کااجلاس طلب کر لیا ہے۔تاس کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے اول نائب مستقل مندوب دمتری پولیانسکی نے اعلان کیا کہ شام میں ایرانی سفارتی تنصیبات پر اسرائیلی حملے پر روس کی درخواست پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل 2 اپریل کو ایک کھلا اجلاس منعقد کرے گی۔یہ اجلاس نیویارک میں پاکستانی وقت کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب 12 بجے شروع ہوگا۔

روسی مندوب کے بیان کے مطابق ایران نے دمشق میں اپنے سفارت خانے پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کے لئے سلامتی کونسل سے رجوع کیا ہے۔روسی مندوب نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایران کا خط موصول ہونے کے بعد ہم نے سلامتی کونسل میں اس اسرائیلی اقدام پر ایک کھلی بریفنگ کی درخواست کی ہے۔ ہماری درخواست پر سلامتی کونسل کے صدر مالٹا کے مندوب نے اجلاس کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔