دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے17 لاکھ81 ہزار اموات، متاثرین کی تعداد8 کروڑ16 لاکھ سے تجاوز کرگئی، روس میں کورونا وائرس سے اعلان شدہ ہلاکتوں سے تین گنا زیادہ اموات کا دعویٰ

70

نیویارک، ماسکو، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو۔29دسمبر (اے پی پی):دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعداد17لاکھ81ہزار تک پہنچ گئی، مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد8 کروڑ 16 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ روسی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اعلان شدہ ہلاکتوں سے تین گنا زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ منگل کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد81669521 ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک 1781442افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا کے فعال متاثرین کی تعداد22092293 ہے، کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔ نئے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا ہلاکتوں کے لحاظ سے روس تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ97 لاکھ81ہزار ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد تین لاکھ 43ہزار سے تجاور کرگئی ہے۔ حکام کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد19781624ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد7741715ہے۔ امریکہ میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں اور فعال کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ایک کروڑ97 لاکھ متاثرین کے ساتھ امریکہ اس وقت دنیا میں وبا کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس کی وبا سے اب تک343182 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ادھر بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑدو لاکھ 24 ہزارتک پہنچ گئی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مختلف ریاستوں میں کورونا متاثرین کی تعداد 10224797ہوگئی ہے جبکہ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد269840 ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 148190 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ادھر برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد75 لاکھ جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ91 ہزار 6 سو تک پہنچ گئی ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد7506890 ہوگئی ہے۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد 191641ہے۔ دریں اثناءروس نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین گنا زیادہ ہے۔ اس سے قبل روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے دعویٰ کیا تھا کہ وائرس سے روس میںکم اموات ہوئی ہیں اور اس نے مغربی ممالک سے وبائی امراض کے انتظام میں ایک بہتر کام کیا ہے۔ ”روسسٹاٹ“ کے اعدادوشمار کے مطابق پچھلے سال کے مقابلہ میں جنوری اور نومبر کے درمیان روس میں ریکارڈ کی جانے والی تمام وجوہات سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ روس کے نائب وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اس عرصے کے دوران اموات میں81 فیصد سے زیادہ کا اضافہ کورونا کی وجہ سے ہوا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ 2020 کے دوران تقریبا ایک لاکھ 86 ہزار روسی شہری کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے آغاز کے بعد روس میں 30 لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق نئے اندازوں کا مطلب یہ ہے کہ روس میں کورونا وائرس سے دنیا کی تیسری سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔