اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت شدید موسمی تبدیلیوں کا سامنا ہے اور یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ عوام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات میں شامل کیا جائے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی مدر ارتھ ڈے کے موقع پر کیا جو 22 اپریل کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کہ اَرتھ ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں انفرادی اوراجتماعی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کے لیے کرہ ارض کو ماحول دوست بنانے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ اسپیکر نے کہا کہ کثافتوں اور زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی پارلیمنٹ کو مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویژن 2025 کے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے ماحول پر اثرات کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا کلین گرین پاکستان پروجیکٹ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ اس پروجیکٹ میں اپنے طور پر بھرپور حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ درخت اگائیں تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کی مہم کی کامیابی عوام کے تعاون سے ممکن ہے۔ اس موقع پرڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ اَرتھ ڈے کو منانے کا مقصد صحتمند ماحول کے تحفظ اور توانائی کو بچانے کی اہمیت کے بارے میں شعور اُجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام وزیراعظم پاکستان کے کلین گرین پاکستان پروجیکٹ میں بھرپور حصہ لے اور ملک کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔