بھکر۔ 21اگست (اے پی پی):دنیا کے تمام ادیان امن و محبت اور سلامتی کا درس دیتے ہیں ہم سب کو باہمی اشتراک سے امن کے فروغ کیلئے اپنا نمایاں کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ مثالی تعاون کی بدولت وطن عزیز پاکستان میں دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے جڑانوالہ میں پیش آنیوالے آفسوس ناک واقعے کے سلسلہ میں منعقدہ ضلعی کور امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی پی او محمد نوید بھی موجود تھے۔اجلاس میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،ضلعی کور امن کمیٹی کے ممبران رانا محمد آفتاب ،سید سکندر رضا نقوی ،زبیر محمود مغل ،سید قیصر عباس نقوی،قاری عبد الشکور،مظفر خان سمیت کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے پادری عنات ،پادری سموئیل سمیر سمیت دیگر کرسچن کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ ہم سب سے پہلے محب وطن پاکستانی ہیں اور اپنے ضلع میں قیام امن کو برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ان کا کہنا تھا کہ چند شرپسند عناصر ہمارے باہمی اتحاد کو پارہ پارہ نہیں کرسکتے حکومت پنجاب جڑانوالہ میں پیش آنیوالے آفسوس ناک واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزا دے گی ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی کرسچن کمیونٹی ضلع کے پائیدار امن کیلئے حسب سابق اپنا مثبت کردار جاری رکھے تاکہ ضلع کی پر امن فضا کو برقرار رکھا جاسکے۔
اجلاس سے ڈی پی او محمد نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے ہر شہری کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہمارا بنیادی فریضہ ہے اس سلسلہ میں ضلعی پولیس اپنے فرائض کامل ایمانداری کیساتھ سرانجام دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں قیام امن کیلئے کسی بھی افواہ سازی پر ہرگز کان نہ دھریں اس سلسلہ میں کسی قسم کی شرپسندی نظر آئے تو ذاتی حیثیت میں کسی قسم کا ردعمل دینے کی بجائے فورا ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کواطلاع دی جائے ۔ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ حکومت پنجاب جڑانوالہ واقعے کی شفاف انداز میں تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد حقیقی قصوروار افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا ۔
اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی کے معزز ممبران نے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کا امن ہمیں ہرصورت عزیز ہے اور ضلع میں بسنے والے تمام مزاہب کے افراد کی جان و مال اور آبرو کی حفاظت کو یقینی بنانا ہم سب کے فرائض میں شامل ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=381185