دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم سے اچھی امیدیں ہیں‘ بابراعظم کو کپتان بنانا اچھا فیصلہ ہے، سلمان بٹ

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ بابراعظم کو کپتان بنانا اچھا فیصلہ ہے‘ دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم سے اچھی امیدیں ہیں‘ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان سے ملک میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ منگل کو اپنے ایک انٹرویو میں سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ پی سی بی نے کورونا کی مشکل صورتحال کے دوران ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کروا کر دنیا کے لئے ایک اچھا پیغام بھیجا‘ یہ عمل پاکستان کرکٹ کے لئے بہت مثبت ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم سے اچھی امیدیں ہیں۔ دورہ نیوزی لینڈ مشکل ضرور ہے مگر مثبت کرکٹ کھیل کر پاکستان نیوزی لینڈ میں پہلے بھی سیریز جیت چکا ہے۔ پاکستان نے انگلینڈ میں اتنی اچھی کرکٹ نہیں کھیلی جتنی وہ کھیل سکتے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں سلمان بٹ نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے اور جتنی بڑی ٹیمیں پاکستان آئیں گی یہ پاکستان کی کرکٹ کے لئے اچھا ہوگا۔ بابراعظم کے حوالے سے سوال کے جواب میں سلمان بٹ نے کہا کہ بابراعظم ایسا کھلاڑی ہے جو کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں کھیلتا ہے۔ اس کو صحیح ٹائم میں کپتان بنانا اچھا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیو سیکیور ببل کی وجہ سے کھلاڑیوں کی نقل و حرکت محدود ہو جاتی ہے اور وہ فیملی سے دور رہ کر ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہیں۔ سلمان بٹ نے کہا کہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ تعلیم بھی بہت ضروری ہے۔ تعلیم یافتہ کرکٹر باقی کھلاڑیوں کی نسبت جلدی سیکھتا ہے۔ سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ کمنٹیٹر کے طور پر تجربہ حاصل کرکے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ ایسے تجربہ کار لوگوں کو کمنٹری میں آگے آنا چاہیے جو کرکٹ سیکھنے اور سمجھنے والوں کو صحیح معلومات دینے میں بہت دے سکیں۔