دوسروںکو چور کہنے والا عمران خان خود زکواة کا پیسہ چوری کرتا پکڑا گیا ہے ،عمران خان ذہنی مریض بن چکا ہے ،ملک کو آگ ، وفاق کی اکائیوں کو تقسیم اور ملک کے کئی ٹکڑے کرنا چاہتا ہے ،وزیراطلاعات مریم اورنگزیب

174
مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دوسروںکو چور کہنے والا عمران خان خود زکواة کا پیسہ چوری کرتا پکڑا گیا ہے ،عمران خان ذہنی مریض بن چکا ہے ،ملک کو آگ ، وفاق کی اکائیوں کو تقسیم اور ملک کے کئی ٹکڑے کرنا چاہتا ہے ،عمران خان سیاسی مخالفین پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات عدالت میں ثابت نہ کر سکے،

عمران خان نے ڈیلی میل میں پلانٹڈ سٹوری چھپوائی،عمران نیازی کی الزام تراشیوں سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا،برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے شریف فیملی کو کلین چٹ دی،عمران خان لندن ہائی کورٹ میں بھی الزامات کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے،ڈیلی میل نے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے،

ڈیلی میل کے معافی مانگنے سے ہر پاکستانی کی عزت میں اضافہ ہوا،نواز شریف کی حکومت میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا،عمران نیازی نے ملک کو دیوالیہ پن کے قریب پہنچایا۔وہ پیر کی شام پارلیمنٹ ہائوس میں اجلاس کے دوران اظہار خیال کر رہیں تھیں ۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزادی اظہار رائے سب کا حق ہے لیکن اس اظہار رائے کے زریعے کسی پر حملہ آور نہیں ہونا چاہیے ، وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر سے میرا ایک اچھا تعلق ہے ،وہ خاتون ہونے کے ناطے نہیں بلکہ اپنی مہارت کی بنیاد پر وہ اس عہدے پر بیٹھی ہوئیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ بھری پڑی ہوئی ہے کہ کس طر ح خواتین نے جمہوریت اور ملکی ترقی کے لئے خدمات سرانجام دیں ، محترمہ فاطمہ جناح ،بیگم کلثوم نواز اور میری خالہ نجمہ حمید کی بھی ملکی ترقی کے لئے بے پناہ خدمات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حنا ربانی کھر کی کامیابی تمام خواتین کے لئے باعث فخر ہے ،اچھے کام پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے کیونکہ ملکی مجموعی آبادی کا 50فیصد خواتین ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ اوآئی سی وزرا اطلاعات کانفرنس میں 48ممبر ممالک میں، میں واحد خاتون وزیر اطلاعات تھی ،بات جنس کی نہیں بلکہ قابلیت کی ہوتی ہے ،حنا ربانی کھر طالبان کی میز پربیٹھ کر بات کرتیں ہیں تو یہ ہم سب کے لئے فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018سے 2022 تک اپوزیشن کے تمام لوگ جیلوں میں تھے ، عمران خان کی جیل بھرو مہم کا فوکس تمام مخالفین تھے ، اس شخص نے نہ کسی خاتون ،بیٹی ، بہن یا ماں تک کا خیال نہ کیا سب کو جیلوں میں رکھا ،سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات قائم کرتے رہے ، اس وقت کے چیئرمین نیب کو ایک ویڈیو کی بنیاد پر اغوا کر کے عمران خان نے مرضی کے کیسز بنائے، اس وقت کے ڈی جی ایف آئی اے کو بھی مخالفین پر مقدمات قائم کرنے کے لئے بلایا جب انہوں نے انکار کیا تو انھیں فارغ کر دیا گیا ،اسی طرح طیبہ گل بھی چیئرمین نیب کے خلاف شکایت لیکر وزیراعظم آفس گئیں تو انھیں اغوا کر لیا گیا ۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج اس فلور پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کو بھی مبارکباد پیش کرتیں ہوں جو ایک جعلی مقدمے میں باعزت بری ہوچکے ہیں، انھیں بھونڈے انداز سے پھنسانے کی کوشش کی گئی لیکن ناکام ہوئی ، گذشتہ روز مقدمے کے تین گواہان نے بیان حلفی جمع کرائے کہ ہم گواہی نہیں دے رہے جس پر عدالت نے فیصلہ کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان کو باعزت بری کیا ۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ رانا ثنا اللہ خان کو جب اس کیس میںجیل رکھا گیا تو معمولی جرائم کی بیرک کی بجائے انھیں سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا ۔ اس بیرک میں چینی ڈال کر کیڑے چھوڑے گئے ، 2019 میں اسی ایوان میں چیچ چیخ کر کہا گیا کہ رانا ثنا اللہ منشیات سمگلنگ کے عالمی گروہ کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2005زلزلہ امدادی سامان سے متعلق پراپیگنڈا کیا گیا اس وقت شہباز شریف وزیراعلی پنجاب نہیں تھے ، ڈیلی میل کو نیب کے ریکارڈ تک رسائی دی گئی ، ایف آئی اے کا ریکارڈ فراہم کیا گیا اور مرضی کی خبر پلانٹ کرائی گئی۔ اس وقت بھی برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کو کہا تھا کہ یہ سب کچھ مفروضے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 2018میں جب ہماری حکومت ختم ہوئی تو جی ڈی پی 6.1فیصد ، مہنگائی کی شرح 4فیصد ،سی پیک منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا ۔ یہ وہ ہی ملک ہے جو چار سالوں کے بعد دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی مشنری استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سمیت تمام مخالفین پر جعلی مقدمات بنائے گئے ، شہباز شریف کے خلاف این سی اے نے 10سالہ دور کی تحقیقات کیں دوسری جانب ڈیلی میل کی خبر کے خلاف وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی عدالت میں ہتک عزت کا دعوی کیا تو اخبار کی جانب سے کسی قسم کا ثبوت نہیں دیا جاسکتا بالآخر ڈیلی میل نے غیر مشروط معافی مانگ لیں ۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی اس مہم کا مقصد ملک میں آنے والی بیرونی امدادی تنظیموں کی خدمت کے عمل کو روکنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 40سال کا حساب دیا ، نواز شریف نے اسوقت سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا جب عمران خان کی درخواست ردی کی ٹوکری میں ڈال دی گئی تھی

، اب جب عمران خان سے سوال ہوتا ہے تو وہ الزامات کی بوچھاڑ کر دیتا ہے ،توشہ خانہ سے خانہ کعبہ عکس والی گھڑی کو خریدے بغیر فروخت گیا گیا ۔ وفاقی وزیرمریم اورنگزیب نے حالیہ ٹیلی فون کال لیک کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کال میں کہا جاتا ہے کہ خان صاحب کی گھڑیاں بیچنی ہیں ، وہ گھڑیاں خان صاحب کی نہیں بلکہ توشہ خانہ کی تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جب سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ دیا تب سے عمران خان کے نشانے پر ہے ، ہر روز چیف الیکشن کمشنر جن کی تعیناتی خود عمران خان نے کی تھی پر الزامات لگانا عمران خان کا معمول ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جلسے میں ایک کاغذ لہرا کر سازش اور ایمپورٹڈ حکومت کا بیانیہ بنایا ، عمران خان نے اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو تاحیات توسیع کی پیشکیش کرتا تو دوسری جانب پاک فوج کے شہدا کے خلاف مہم کو خود لیڈ کرتا تھا ،ملک کے خارجہ تعلقات کو عمران خان نے بیچا ۔

انہوں نے کہا کہ دوسروںکو چور کہنے والا عمران خان خود زکواة کا پیسہ چوری کرتا پکڑا گیا ہے ،عمران خان ذہنی مریض بن چکا ہے ،ملک کو آگ ، وفاق کی اکائیوں کو تقسیم اور ملک کے کئی ٹکڑے کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ ملک میں گیس نہیں ہے ، اس وت ایل این جی کیوں نہ خریدی جب سستی ترین ایل این جی ملک رہی تھی ، کیوں بجلی گھر فرنس آئل پر چلائے جاتے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ سستی ایل این جی ملک میں لانے کی پاداش میں عمران خان نے شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کو جیلوں میں ڈالا ،اگر سب چور تھے تو اختیارات ، سرکاری مشینری اور طاقت ہوتے ہوئے بھی ایک الزام تک کیوں ثابت نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے کہا کہ ہرروز کہا جاتا ہے کہ ملک دیوالیہ ہورہا ہے ،ملک اگر دیوالیہ ہوا بھی تو اس میں عمران خان کے اعمال سب سے اوپر ہونگے کیونکہ چار سال اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ۔