اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دوسروں کو چور ڈاکو اور کرپٹ کہنے والا عمران نیازی خود بددیانت اور سب سے بڑا چور ڈاکو نکلا۔الیکشن کمیشن کو دبائو میں لا کر فارن اکائونٹس کیس کا فیصلہ رکوا کر جعلی صادق اور امین بننے والا پوری دنیا میں بے نقاب ہوگیا۔
انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملک کو بچانے کیلئے حکومت سنبھالی اور جمہوری طریقہ کار کے مطابق عدم اعتماد کیا۔ہم چاہتے تو حکومت سے کنارہ کشی کر سکتے تھے مگر ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔عمران نیازی نے غیرملکی آقائوں کے ایجنڈے کے تحت ملک کی معیشت کو تباہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برباد کرنے کیلئے عمران نیازی نے فارن فنڈز لیئے اور سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کئے۔یہودیوں ہندوئوں سمیت نقوی اور دیگر نے کروڑوں ڈالر کیوں دیئے۔امریکہ سے ڈالروں کے عوض چین کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کی کوشش کی،سی پیک منصوبہ کھٹائی میں ڈالا۔یہ اس لئے کیا کہ پاکستان کو ترقی کے راستے سے ہٹانا تھا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کیلئے قانون الگ نہیں اس نے جھوٹا بیان حلفی دیا اور 13 سے زائد اکاونٹ ظاہر نہ کرکے خیانت کی۔ اگر عمران اور ان کی جماعت نے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو قانون اپنا راستہ بھی بنائے گا اور حرکت میں بھی آئے گا۔انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ اتحادی حکومت ملک کی معیشت سمیت دیگر امور کی بہتری کیلئے متفقہ ومتحدہ کوششوں پر یقین رکھتی ہے۔