دولت مشترکہ کے نمائندے 10ویں دولت مشترکہ یوتھ وزرا ءاجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان پہنچ گئے

105

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):دولت مشترکہ کے نمائندے 10ویں دولت مشترکہ یوتھ وزراء اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان پہنچ گئے۔ وفد میں سوشل پالیسی ڈویلپمنٹ سیکشن کے سربراہ لین انتھونی رابنسن، ایونٹس اینڈ پروٹوکول منیجر عامرہ سرہانی، انفارمیشن سیکورٹی آفیسر انیمیش سنکھیان اور سوشل پالیسی ڈویلپمنٹ سیکشن کی آپریشنز آفیسر تمارا باباو سدگرو شامل تھیں۔

وفد نے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقات کی۔جمعہ کو وزیراعظم یوتھ افیئرز ونگ سے جاری بیان کے مطابق دولت مشترکہ یوتھ وزرا ءاجلاس کا 10 واں ایڈیشن پاکستان میں منعقد ہوگا۔ یہ تقریب ملک کے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے دنیا کی توجہ پاکستان کی نوجوان آبادی کو درپیش بڑے مسائل کی طرف مبذول کرانے میں مدد ملے گی جو کہ ملک کی کل آبادی کا 68 فیصد سے زیادہ ہے۔

دولت مشترکہ یوتھ وزرا ء اجلاس میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ 56 مختلف ممالک کے یوتھ منسٹرز پر مشتمل دولت مشترکہ یوتھ وزرا ءاجلاس سفارتی بنیادوں پر پاکستان کی بڑی کامیاب ہو گی۔ اس بین الاقوامی فورم سے پورے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے سانحات کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ نے دولت مشترکہ کے وفد کے ساتھ وسیع تناظر میں ملاقاتیں کیں اور انہیں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے ملک کی نوجوان آبادی کو بااختیار بنانے میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے کردار کو سراہا۔ دولت مشترکہ کے نمائندوں نے کانفرنس کے مجوزہ پلان کا بھی جائزہ لیا اور مختلف آرگنائزنگ کمیٹیوں کے ساتھ ایونٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے معاون اے شیزہ فاطمہ خواجہ ، رومینہ خورشید عالم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور دولت مشترکہ یوتھ وزرا اجلاس کے انتظامی اور آپریشنل پر تبادلہ خیال کیا ۔ لین انتھونی رابنسن نے مجوزہ اجلاس کے بارے میں اہم معاملات کو اجاگر کرنے کے لئے ایک تفصیلی اختتامی پریزنٹیشن دی اور اجلاس کے لئے ابتدائی منصوبہ تیار کرنے کے لئے مؤثر طریقے سے کام کرنے پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ٹیم کی تعریف کی۔

وفد نے کہا کہ ہم آنے والے مہینوں میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ وفد نے دارالحکومت میں مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا اور یوتھ پروگرام کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔