دوہزاراکیس میں اپنی گزشتہ غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے‘ قومی ٹیم نے مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق

57

کرائسٹ چرچ۔31دسمبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ 2021 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پرامید ہیں ‘ مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی تاہم مایوسی ہے کہ ہم بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف جیت کا تسلسل دوسرے میچوں میں برقرار نہیں رکھ سکے‘ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں نمائندگی کاموقع دیا ۔ جمعرات کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹر مستقبل میں ہمارا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ صباح نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ ہارنے پر بہت افسوس ہوا‘ ہم وہ میچ جیت سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ مختلف ہے‘ ابتدائی 14 دن سخت قرنطینہ میں گزارے ‘ اس دوران ہم کوئی کرکٹ نہیں کھیل سکے ۔ ہمارے کھلاڑی انجریز کا شکار بھی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود ہم نے آخری ٹی ٹونٹی میچ جیتا۔ انہوں نے کہا کہ خراب فیلڈنگ اور کیچ چھوٹنے سے میچ ہمارے ہاتھوں سے نکل گئے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں بابراعظم اور شاداب خان کی عدم موجودگی کے باوجود بہترین مقابلہ کیا جو قابل ستائش ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ سال 2021ءمیں ہمیں اپنی گزشتہ غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔ آئندہ سال بہت زیادہ کرکٹ ہوگی اور ہمیں معیاری مقابلوں کے لئے اپنی فٹنس پر خاص توجہ دینا ہوگی۔ ہمارے پاس باصلاحیت، تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا ایک بہترین پول دستیاب ہے اور امید ہے کہ ہم سال 2021 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔