دوہزار اکیس کے ساتویں ٹی 20 عالمی کپ کی میزبانی بھارت ، 2022ءکا آٹھویں ایڈیشن آسٹریلیا میں ہوگا، آئی سی سی

78

کینبرا ۔ 26 اگست (اے پی پی) کھیلوں کی گورننگ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ آئندہ سال ساتواں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھارت میں ہی ہوگا جبکہ رواں سال ملتوی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ءمیں کھیلا جائے گا جس کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا۔ یہ آٹھواں مینز ٹی ٹونٹی عالمی کپ ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سال فروری سے مارچ تک نیوزی لینڈ میں شیڈول 50 اوورز کے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کو 2022ءتک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ آئی سی سی نے مزید کہا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2020ءجو کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا اب 2022ءمیں آسٹریلیا میں ہوگا جبکہ بھارت طے شدہ منصوبہ کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021ءکی میزبانی کرے گا۔ نیوزی لینڈ میں آئندہ سال ہونے والا آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کو عالمی سطح پر کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کی وجہ سے 2022ءفروری تا مارچ تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ رواں سال کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا میں اکتوبر سے نومبر میں ہونا تھا لیکن کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا کے باعث درپیش، سفری پابندیوں اور لاجسٹک چیلنجوں کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔