دھند اور دھویں کی آمیزش سے سموگ انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے،احتیاطی تدابیراپنائیں،ڈپٹی کمشنر

141
سموگ

فیصل آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیصل آبادعبداللہ نیئر شیخ نے کہا کہ سردی کے موسم کے آغاز میں دھند اور دھویں کی آمیزش سے ماحول میں سموگ کی صورتحال انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہو سکتی ہے جس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی بہترین اقدام ہے جبکہ نگران حکومت پنجاب کی ہدایات پر بدلتے ہوئے اس موسم میں ممکنہ سموگ کی صورتحال سے نپٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کی طرف سے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں

تاہم ممکنہ سموگ کی صورت میں اس کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ صحت کا تحفظ کیا جا سکے۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ نوجوانوں خصوصاً طالبعلموں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے خاندانوں کے افراد کے علاوہ محلے داروں اور اردگرد کے افراد کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ کوڑا کرکٹ کو جلانے و دھواں دینے والی گاڑیوں اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف مؤثر ایکشن لیا جارہا ہے جبکہ گردوغبار کے تدارک کیلئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور خشک مٹی والی جگہ پر پانی کا چھڑکاؤ کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے موسمی تغیرات کے نقصانات پر قابو پانے کیلئے نگران حکومت کے صحیح سمت اقدامات اور پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور درختوں کی حفاظت سے موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے ایجوکیشن اتھارٹی کے افسران سے کہا کہ وہ سموگ سمیت دیگر سماجی مسائل پر قابو پانے کیلئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورتحال میں صحت کے بچاؤ کیلئے ہر گھر میں احتیاطی اقدامات ضرور کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دھرتی کا ماں کی طرح خیال رکھا جائے تاکہ اسکے تحفظ سے آئندہ نسلوں کا ماحول خوشگوار اور سازگار رہے۔