اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):ذوالحج 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذوالحج 29 مئی جمعرات کو ہوگی جبکہ عید الاضحیٰ 7 جون کو منائی جائے گی۔ منگل کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔
چاند کی رویت کے حوالے سے ملک بھر سے موصول ہونے والی اطلاعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ذوالحج 1446 ہجری کا چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی، اس لیے یکم ذوالحج 29 مئی جمعرات کو ہوگی اور عیدالاضحی ٰ7 جون کو منائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں یہ عید الاضحیٰ معرکہ حق میں پاکستان کو فتح یاب ہونے کی عید دکھائی ہے ، پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان پر مودی نے بے بنیاد الزامات لگائے جنہیں وہ ثابت نہ کر سکا، بھارت نے حملہ کیا جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور اگر بھارت نے پھر کوئی حماقت کی تو پہلے سے بھی سخت جواب دیا جائے گا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کی مبارکباد دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت و وحشت کا تصور اسلام میں نہیں ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری آپریشنز کی مکمل حمایت کرتے ہیں، خضدار میں چھوٹے چھوٹے بچوں کو نشانہ بنایا گیا، یہ حملہ بھارت نے کرایا ہے، دنیا میں جہاں بھی دہشت گردی ہوگی اس کے پیچھے بھارت ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ اہل فلسطین اور غزہ کے مسلمان آج مدد کے طلب گار ہیں، اللہ ان کی مدد فرمائے، اللہ تعالیٰ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی حفاظت فرمائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602077