اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان کے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو پاکستان کے 29ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی۔
اپنے جاری پیغام میں اسپیکر نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک تجربے کار اور قابل قانون دان ہیں۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ملک میں عدل و انصاف فراہم کرنے والے ادارے پہلے سے زیادہ فعال کردار ادا کریں گے جس سے عوام کو انصاف کی فراہمی میں آسانیاں پیدا ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، ایگزیکٹو اور عدلیہ سمیت ریاست کے تمام ستونوں کے درمیان عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ہم آہنگی کا فروغ ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا ملک کی ترقی کا دارومدار آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ بروقت اور سستے انصاف کی فراہمی سے عدلیہ پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔