اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان سے قازقستان کے سفیر برائے پاکستان یرژان کیستافن نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی تجارت اور علاقائی روابط کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ رانا احسان افضل خان نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور خوشگوار تعلقات کو جامع اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ دونوں ممالک کو یکساں فوائد حاصل ہو سکیں۔سفیر یرژان کیستافن نے بتایا کہ 2023-24 کے دوران پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ تجارت 172.5 ملین امریکی ڈالر رہی، جن میں سے 170.82 ملین ڈالر پاکستان کی برآمدات پر مشتمل تھیں۔
انہوں نے رانا احسان افضل کو جون کے آخر میں قازقستان میں ہونے والے بزنس فورم سے بھی آگاہ کیا اور پاکستانی سٹیک ہولڈرز کو اس میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔سفیر نے پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور قازقستان کی متعلقہ ایجنسی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تجویز بھی پیش کی تاکہ دونوں ممالک کے تجارتی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات میں ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور کاروباری وفود کے لئے ویزا سہولیات جیسے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔رانا احسان افضل خان نے ان تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان باہمی تجارتی مفادات کو فروغ دینے اور وسطی ایشیا کے ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لئے علاقائی معاشی انضمام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594412