راولپنڈی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کا سیف فوڈ سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے آپریشن

پنجاب فوڈ اتھارٹی

راولپنڈی۔24ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا سیف فوڈ سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے راولپنڈی میں آپریشن جاری ہے ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے راولپنڈی میں 4100 لیٹر ملاوٹی دودھ جبکہ چکوال میں 56 لیٹر غیر معیاری کولڈ ڈرنکس اور 5 کلو مصالحہ جات تلف کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر ناکہ لگا کر 23 گاڑیوں میں موجود 81 ہزار لیٹر دودھ کا معائنہ کیا ، چکوال میں غیر معیاری کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر 6 سکولز کینٹین کو جرمانے کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں تلف کیے گئے دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور قدرتی اجزاء کم پائے گئے، قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں پر 4 سپلائرز کو جرمانے کیے گئے ہیں،

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی کیلئے کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، شہریوں تک محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔