راولپنڈی۔4جنوری (اے پی پی):راولپنڈی نے انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ جیت لی، فیصلہ کن معرکہ میں راولپنڈی نے اٹک کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید یاور عباس بخاری نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی، قومی کھیل ہاکی کی ترقی و ترویج کے سلسلے میں پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری ہے، اسی سلسلے میں راولپنڈی ریجن انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد اٹک میں کیا گیا، گذشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں راولپنڈی نے اٹک ڈسٹرکٹ کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، راولپنڈی کی طرف سے تیمور، علی عباس، علی حاشر اور عبداللہ نے ایک ایک گول سکور کیا، ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید یاور عباس بخاری نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری شیخ علی عابد، ٹورنامنٹ کے آرگنائزر رانا لیاقت اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر وحید بابر بھی موجود تھے۔