راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلش بیٹرز نے گرائونڈ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

271
راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلش بیٹرز نے گرائونڈ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

راولپنڈی۔1دسمبر (اے پی پی):راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انگلش بیٹرز نے گرائونڈ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، انگلینڈ نے کسی بھی ٹیسٹ کے پہلے روز سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا، آسٹریلیا نے 1910 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 496 رنز بنائے تھے، انگلینڈ نے بین ڈکٹ، زیک کرالی، اولی پاپ اور ہیری بروک کی شاندار سنچریوں کی بدولت پہلے دن کھیل کے اختتام پر4 وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز بنا لئے، زیک کرالی 122 ، بین ڈکٹ 107، اولی پاپ 108 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ہیری بروک 101 اور کپتان بین سٹوکس 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ہیری بروک نے سعود شکیل کو ایک اوور میں 6 چوکے لگاکر منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا، پاکستان کی طرف سے زائد محمود نے دو جبکہ محمد علی اور حارث رئوف نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

جمعرات کو راولپنڈی سٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ، انگلش اوپنرز نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور گرائونڈ کے چاروں اطراف خوبصورت سٹروکس کھیلے ، زیک کرالی اور بین ڈکٹ نے سنچریاں سکور کیں اور233 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا ، بین ڈکٹ پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 107 رنز بنا کر ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے زاہد محمود کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، ان کی اننگز میں 15 چوکے شامل تھے ، یہ ان کے کیریئر کی پہلی سنچری ہے،

اگلے اوور میں زیک کرالی بھی 122 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، کرالی نے 111 گیندوں کا سامنا کیا اور 21 چوکے لگائے، انگلینڈ کو تیسرا نقصان 286 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب تجربہ کار بیٹر جو روٹ 23 رنز بنانے کے بعد زاہد محمود کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، اولی پاپ اور جیک لیچ نے چوتھی وکٹ میں 176 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کا سکور 462 تک پہنچا دیا ،

اولی پاپ نے تیسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی اور 107 رنز بنانے کے بعد ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے فاسٹ بائولر محمد علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، اس کے بعد ہیری بروک اور کپتان بین سٹوکس نے مزید کوئی نقصان کئے بغیر پہلے روز کھیل کے اختتام تک ٹیم کا سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 506 تک پہنچا دیا ، ہیری بروک 101 اور بین سٹوکس 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان کی طرف زاہد محمود نے دو جبکہ محمد علی اور حارث رئوف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔