رستم پاکستان دنگل گوجرانوالہ کے پہلوان زمان انور جانی نے جیت لیا

208
رستم پاکستان دنگل گوجرانوالہ کے پہلوان زمان انور جانی نے جیت لیا

لاہور۔7مئی (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے تعاون سے ہونیوالا رستم پاکستان دنگل گوجرانوالہ کے پہلوان زمان انور جانی نے جیت لیا، زمان انور جانی نے بہاولپور کے آصف پہلوان موچی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی،مقررہ 30منٹ میں کوئی پہلوان کامیابی حاصل نہ کرسکا جس کے بعد اوپن فائٹ میں زمان انور جانی نے کامیابی حاصل کرلی، رستم پاکستان دنگل کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے پہلوانوں میں انعامات تقسیم کئے، رستم دنگل پاکستان دنگل جیتنے پر زمان انور جانی کو رستم پاکستان کا گرز اور10لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر پر رہنے والے آصف پہلوان موچی کو 5لاکھ روپے،شہزاد پچار کو3لاکھ روپے کے انعامات دیئے گئے، پنجاب سٹیڈیم آمد پر ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئی، رستم پاکستان دنگل کے پہلوانوں کا ان سے تعارف بھی کرایا گیا،

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ، دنگل میں اچھے مقابلے ہوئے ہیں،تمام پہلوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں، دنگل پنجاب کا روایتی کھیل ہے جس کی مقبولیت کا اندازہ پنجاب سٹیڈیم میں موجود شائقین کی بڑی تعداد دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے،دنگل کی تاریخ بہت پرانی ہے، تقسیم ہند سے قبل رستم ہند دنگل لاہور میں ہی منعقد ہوتا تھا،

قیام پاکستان کے بعد اس روایت کو زندہ رکھا گیا، سپورٹس بورڈ پنجاب جہاں دوسری کھیلوں کو فروغ دے رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کے روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھا رہا ہے، روایتی کھیلوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کررہے ہیں تاکہ پنجاب کی شناخت برقرار رہے اور روایتی کھیلوں کو فروغ ملے۔