رمضان المبارک سے قبل پولٹری کی مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی،ڈاکٹر سجاد ارشد

198
poultry products

فیصل آباد ۔ 08 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے حکومت کی جانب سے سویا بین کی درآمد کی اجازت دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کیا ہے کہ اس کے نتیجہ میں آئندہ رمضان المبارک سے قبل پولٹری کی مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورمیں سویابین کی درآمد پر پابندی لگا کرغیر دانشمندانہ اقدام کیا گیا جس کی وجہ سے لوگ ملک میں دستیاب سستی پروٹین سے محروم ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بائیو سیفٹی رولز کے تحت جی ایم او سویا بین کا جانوروں کی خوراک میں استعمال مکمل طور پر محفوظ ہے اوراس کے کوئی منفی اثرات نہیں ہیں۔ انہوں نےکہا کہ سویابین سے خوردنی تیل حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کو جانوروں کی خوراک میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جس سے پولٹری کو سستی خوراک ملے گی اور اِس کے نتیجہ میں چکن کی قیمتیں کم ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت 70سے زیادہ ممالک جی ایم او سویابین درآمد کر رہے ہیں جن میں چین، یورپی یونین، ترکیہ، جاپان اور سعودی عرب شامل ہیں لیکن اُن کی طرف سے اس کے نتیجہ میں کسی بیماری کی اطلاع نہیں ملی اِس لئے پاکستان کو بھی سویابین کی درآمد کے ساتھ ساتھ اِس کی مقامی پیداوار پر بھی توجہ دینا ہو گی تاہم جب تک ہم سویابین کی مقامی پیداوار میں خود کفیل نہیں ہوتے سویابین کی درآمد کے ذریعے ہم پولٹری اور فیڈ سیکٹر کی ضروریات کو بآسانی پورا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ سویابین کی درآمد سے پولٹری کی پیداوار بڑھے گی اور پاکستان مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ فاضل پیداوار کو برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکے گا۔