فیصل آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے رمضان المبارک کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے ریجن بھر میں آپریشنل تیاریاں مکمل کرلیں ،ماہ مبارک کے دوران بالخصوص سحروافطاراورتراویح کے اوقات میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنایاجائے گا۔فیسکو کے ترجمان سعید رضا نے اے پی پی کو بتایا کہ ریجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، بھکر اور خوشاب میں ماہ صیام کے دوران بجلی کی بلا تعطل ترسیل کی مانیٹرنگ کےلئے فیسکو ہیڈکوارٹرزمیں مرکزی کنٹرول روم قائم کیاگیاہے جس کی مانیٹرنگ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر خودکریں گے
جبکہ چھ آپریشن سرکلز فرسٹ،سیکنڈ،جھنگ،سرگودھا،میانوالی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں لوڈمینجمنٹ،ایل ٹی،ایچ ٹی بریک ڈاؤن،کسٹمر کمپلینٹ اور دیگر مسائل کے فوری ازالے کےلئے اعلیٰ سطحی افسران کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں جن میں جی ایم (کمرشل اینڈ کسٹمر سروس)مبشرحیات راؤفرسٹ سرکل،چیف انجینئر(پلاننگ اینڈ ڈیزائن)عامر محبوب ا لٰہی سیکنڈ سرکل،چیف انجینئر (اواینڈایم)ٹی اینڈجی فیصل رضا مارتھ جھنگ سرکل،چیف انجینئر (ٹیکنیکل سروسز)شہباز محمود سرگودھا سرکل،چیف انجینئر (کسٹمر سروسز)اصغر حسین قزلباش میانوالی سرکل اور چیف انجینئر(ڈویلپمنٹ) محمد وقاص بیگ ٹوبہ سرکل کی مانیٹرنگ کریں گے۔
چیف انجینئرآپریشن محمد سعیدتمام معاملات میں بطور کوآرڈینیٹرجبکہ جنرل منیجر آپریشن عمر حیات گوندل تمام آپریشنل سرگرمیوں اور افسران کی پرفارمنس کی مانیٹرنگ کریں گے اور چیف ایگزیکٹو محمد عامر کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں گے۔اسی طرح آپریشن سرکلز کی ذمہ دارٹیم میں ایس ای فرسٹ سرکل محمد امیر خان، ایس ای سیکنڈ سرکل سید سلیم شاہ، ایس ای جھنگ سرکل مدثر علی شیخ، ایس ای سرگودھا ابرار احمد خان،ایس ای میانوالی سرکل محمد بلال اقبال اورایس ای ٹو بہ سرکل مصباح الاسلام شامل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 24/7اپنے دفاترمیں موجوداوررابطے میں رہیں تاکہ صارفین باآسانی ان سے ملاقات کر سکیں اوران کے مسائل کا ازالہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ صارفین ماہ مقدس میں اپنی عبادات خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کر سکیں، سستی اور کاہلی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ صارفین اپنی شکایات کااندراج فیسکوسمارٹ ایپ،ہیلپ لائن نمبر118،ٹال فری نمبر0800-66554 اور ایس ایم ایس سروس 8118پر بھی کرواسکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیاجائے گا۔مزیدبرآں سب ڈویژنوں کو اضافی ٹرانسفارمرٹرالیاں اور دیگر سامان مہیا کردیاگیا ہے جبکہ ریجنل،فیلڈسٹور سامان کی دستیابی کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹاجاسکے۔