رمضان میں مسجد الحرام کو یومیہ 20 مرتبہ معطر کیا جاتا ہے،ادارہ امور الحرمین

117
Department of Holy Mosques Affairs
Department of Holy Mosques Affairs

مکہ مکرمہ ۔15مارچ (اے پی پی):ادارہ امور الحرمین کی جانب سے رمضان کے دوران میں یومیہ بنیادوں پر مسجد الحرام میں اعلی معیار کے عود کی دھونی سے معطر کیا جاتا ہے۔ایس پی اےکے مطابق ادارہ الحرمین کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں ماحول کو معطر رکھنے کے لیے روزانہ 20 مرتبہ عود کی دھونی دی جاتی ہے۔

حجر اسود، ملتزم اور رکن یمانی کو یومیہ بنیاد پر ہر نماز سے قبل عود اور عنبر سے معطر کیا جاتا ہے جس کے لیے روازنہ 2 کلو گرام عود استعمال کیا جاتا ہے۔مسجد الحرام کے زائرین ہمیشہ معطر ماحول میں طواف، نماز، تلاوت اور عبادت کرتے ہیں۔

مسجد الحرام اور خانہ کعبہ کو معطر کرنا اور رکھنا انتظامیہ کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ سعودی حکومت اس پر خطیر رقم خرچ کرتی ہے۔واضح رہے الحرمین انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام کی مستقل بنیادوں پر صفائی کے لیے ماہ رمضان میں اضافی عملے کو بھی تعینات کیا جاتا ہے۔