رمضان نگہبان پیکج کے آڈٹ رپورٹ سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں ، عظمی بخاری

91

لاہور۔30مئی (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ رمضا ن نگہبان پیکج کے آڈٹ رپورٹ سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں ۔جمعہ کے روز رمضان نگہبان پیکج کے آڈٹ رپورٹ 2024 سے متعلق میڈیا پر چلنے والی رپورٹس کی تردید کر تے ہوئے بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکج کے آڈٹ رپورٹ سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، رمضان پیکج سے متعلق ایسی کوئی رپورٹ وزیراعلی تک نہیں آئی، پھر بھی اگر ایسی کوئی آڈٹ رپورٹ آئی تو وزیراعلی نے کہا ہے کہ اس کی ہم پوری تفتیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی پنجا ب میں حکومت بننے کے چند دن بعد نگہبان رمضان پیکیج پہلے سے موجود ڈیٹا کے تحت صارفین کو امدادی اشیا دی گئیں، وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے کہ میں اپنے پبلک منی کی کسی کو بھی خوردبرد کی اجازت نہیں دوں گی، اگر اس میں کوئی بھی ملوث ہوا تو اسکو سخت سے سخت سزا ملے گی۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے جو اس سارے معاملے کی چھان بین کرے گی ۔