پیرس۔26ستمبر (اے پی پی):فرانس کے دارلحکومت پیرس میں رنگا رنگ پیرس فیشن ویک اپنی پوری رعنائیوں کے ساتھ شروع ہو گیا۔25 ستمبر کو شروع ہونے والے پیرس فیشن ویک میں اس مرتبہ موسم بہار اور موسم گرما کے ملبوسات 2024کی نمائش کی جائے گی جس کے لیے دنیاء فیشن کے 107 برانڈ اپنی تمام تر تیاریوں کے ساتھ موجود ہیں جبکہ شو کے دوران 67 رن ویز شو بھی ہوں گے جس کے لیے دنیا بھر سے فیشن اور شو بز انڈسٹریز کی سلبرٹیز اور فیشن ماڈلز نے اپنی ٹیموں کے ساتھ پیرس میں ڈیرےے جما لیے ہیں ۔
شو کے دوران لوگ 25 سال بعد ایک مرتبہ پھرپیری گارڈن کو ریمپ پر دیکھیں گے۔فیشن کے دلدادہ لوگوں کو سب سے زیادہ انتظار بالمین شو کا ہے جس کے 50 سے زیادہ ملبوسات جن کو انہوں نے پیرس فیشن ویک میں پیش کرنا تھا اس وقت چوری کر لیے گئے جب ان ملبوسات کو پیرس کے چالز ڈیگال ائر پورٹ سے بالمین کے ہیڈ کوارٹر لایا جا رہا تھا ۔بالمین کے کری ایٹیو ڈائریکٹر اولیور روسٹرنگ کو ان ملبوسات کے متبادل تیار کرنے میں بہت محنت کرنا پڑی ۔پیرس فیشن ویک میں اس مرتبہ سارہ برٹن نئے ولولے سے شریک ہیں جنہوں نے معروف فیشن برانڈ الگزینڈر میک کوئن کو خرید لیا تھا۔
پیرس فیشن ویک ہر سال لندن فیشن ویک ،نیویارک فیشن ویک اور میلان فیشن ویک کے بعد فوراً شروع کیا جاتا ہے جس کی اس مرتبہ سب سے زیادہ دلچسپی کا مرکز گوچی کے نئے کری ایٹیو ڈائریکٹر سباتو ڈی سارنو ہیں جن کے تیار کردہ ملبوسات حال ہی میں ہونے والے فیشن شوز میں بے حد پسند کئے گئے ہیں ۔پیرس فیشن ویک میں موسم بہار گرما کر لیے سلیٹی ،باربی پنک اور آسمانی رنگ کے مختلف شیڈز پیش کیے جا رہے ہیں ۔