نیویارک ۔ 8 نومبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران بحیرہ روم میں یورپ جاتے ہوئے 2000 تارکین وطن ڈوب کر ہلاک ہوئے جن میں سے نصف تارکین وطن اٹلی جاتے ہوئے سمندر کی نذر ہوئے۔اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ہائی کمیشن کے ترجمان شالی یاکسلی نے ایک بیان میں کہا کہ یورپ جاتے ہوئے دو ہزار میں سے نصف تعداد اٹلی جاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہوئی ۔انہوں نے پناہ گزینوں کی زندگیاں بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بحیرہ روم پناہ گزینوں اور تارکین وطن کی موت کی آماج گاہ بن چکا ہے۔ ہر سال ہزاروں تارکین وطن ہلاک ہو رہے ہیں اوریہ سلسلہ مزید جاری نہیں رہنا چاہیے۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ رواں سال ایک لاکھ 5 ہزار تارکین وطن یورپ پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔