ماسکو۔8اپریل (اے پی پی):روس نے کہا ہے کہ یوکرین نے زیپوریزیا جوہری بجلی گھر کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا جس میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں ، بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے نے بجلی گھر پرڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق زیپوریزیا نیوکلیر پاور پلانٹ کی انتظامیہ کی طرف سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی مسلح افواج نے جوہری بجلی گھر کے پلانٹ نمبر 6 کو نشانہ بنایا تاہم اس کے نتیجے میں پلانٹ کے ری ایکٹر سے تابکاری کا اخراج نہیں ہوا۔ آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ری ایکٹر سے کم از کم تین چیزیں براہ راست ٹکرائیں۔
انہوں نے فوجی قیادت سے پرزور اپیل کی کہ وہ جوہری تنصیابات کو نشانہ نہ بنانے کے اصول پر سختی سے عمل کرے۔ آئی اے ای اے کے مطابق حالیہ حملے سے اگرچہ ری ایکٹر کو کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا لیکن ایسے حملے ری ایکٹر سے تابکاری کا اخراج روکنے کے نظام کو متاثر کر سکتےہیں ۔
روس کی جوہری توانائی کی ایجنسی روس ایٹم نے مغربی ممالک اور آئی اے ای اے دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کی طرف سے زیپوریزیا جوہری بجلی گھر پر حملے کی واضح طور پر مذمت کریں ۔ روسی حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بجلی گھر پر حملے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زیپوریزیا جوہری بجلی گھر یورپ کا سب سے بڑا بجلی گھر ہے جس کو روسی افواج نے 2022 کے یوکرین حملے کے آغاز کے بعد کنٹرول میں لے کر جوہری توانائی کی روسی کمپنی کے سپرد کر دیا تھا۔