روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کی سمرقند میں ملاقات

144

سمرقند۔13اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے جمعرات کو ازبکستان کے شہر سمرقند میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے پڑوسی ممالک کے چوتھے اجلاس کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سے وزیر مملکت کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی اور غذائی تحفظ میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پرامن، مستحکم، خودمختار اور خوشحال افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے قریبی مشاورت کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت مختلف اقتصادی اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔