سیئول ۔28نومبر (اے پی پی):جنوبی کوریا نے دعوی کیا ہے کہ روس نے یوکرین کے خلاف اس کی جنگ میں مدد کے لیے فوجی بھیجنے کے بدلے میں شمالی کوریا کو اینٹی ایئر میزائل اور فضائی دفاعی آلات فراہم کیے ہیں۔
جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے مشیر شن وون سک نے کہا کہ ماسکو نے پیانگ یانگ کو اقتصادی اور فوجی ٹیکنالوجی کی مدد فراہم کی ہے اور اس کے بدلے 10 ہزار کورین فوجی وہاں بھجوائے گئے ہیں جبکہ روس نے شمالی کوریا کو متعلقہ آلات اور طیارہ شکن میزائل فراہم کیے ہیں تاکہ پیانگ یانگ کے کمزور فضائی دفاعی نظام کو مضبوط کیا جا سکے ۔
جنوبی کوریا کے نشریاتی ادارے ایس بی ایس کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دارالحکومت پیانگ یانگ میں ایک فوجی نمائش میں، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جمعہ کو ہتھیاروں کے "انتہائی جدید” ورژن تیار کرنے اور اپ گریڈ کرنے پر زور دیا، اور دفاعی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کا عہد کیا۔
روس نے رواں ماہ شمالی کوریا کے ساتھ ایک تاریخی باہمی دفاعی معاہدے کی توثیق کی جب یوکرائنی حکام نے پیانگ یانگ کے فوجیوں کے ساتھ فرنٹ لائنز پر جھڑپوں کی اطلاع دی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ اس معاہدے پر جون میں پیانگ یانگ میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے سرکاری دورے کے دوران دستخط کیے گئے تھے۔
یہ دونوں ریاستوں کو ایک دوسرے پر حملے کی صورت میں بلا تاخیر فوجی مدد فراہم کرنے اور مغربی پابندیوں کی مخالفت کے لیے بین الاقوامی سطح پر تعاون کرنے کا پابند بناتا ہے۔