اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف دو روزہ سرکاری دورے پر (کل)منگل کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ روسی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔ وہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ہونے والی بات چیت کے دوران ، پاک روس تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا جائے گا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر خارجہ لاوروف کا یہ دورہ پاکستان اور روسی فیڈریشن کے مابین بڑھتے ہوئے باہمی رابطوں اور باضابطہ اعلیٰ سطح کے تبادلے کا حصہ ہے۔
پاکستان اور روس کے مابین باہمی عزت واحترام ، اعتماد اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات قائم ہیں اور سلامتی ،دفاع ، انسداد دہشت گردی ، اور افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بھی بڑھ رہا ہے۔