اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے جمعرات کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی کے ہمراہ ’’روٹ مکہ‘‘ منصوبہ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور، سول ایوی ایشن اتھارٹی ، اینٹی نارکوٹکس، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے اعلیٰ حکام اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے میڈیا کو بتایا کہ اسلام آباد سے روانہ ہونے والے عازمینِ حج کی سعودی امیگریشن اور کسٹم کے مراحل اسلام آباد میں ہی مکمل ہو جائیں گے اور یوں یہ عازمین حج سعودی ایئرپورٹ سے مختصر وقت میں باہر آ کر اپنی بسوں کے ذریعے رہائش گاہوں کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔
اس سال 26 ہزار سے زائد عازمین حج اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے، گذشتہ سال یہ تعداد 16 ہزار تھی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ دیگر پاکستانی ہوائی اڈوں سے ’روٹ مکہ ‘ منصوبہ کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں، آئندہ سال اس سہولت کو دوسرے پاکستانی ہوائی اڈوں تک بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔ سعودی نائب وزیر داخلہ نے بڑا کامیاب دورہ پاکستان کیا ہے،اس سال پاکستان سے پونے دو لاکھ عازمین اس سال حج کریں گے، چار سال بعد بڑا حج ہو رہا ہے، عازمین کیلئے تمام سہولیات کی کوشش کر رہے ہیں، اپنے وسائل کے مطابق عازمین کی خدمت کے لئے انتظامات مکمل کئے ہیں، کسی کو مفت حج کی اجازت نہیں ہوگی، عازمین حج کی بہترین کی رہنمائی کیلئے حج معاون بھجوا رہے ہیں، 21 مئی کو حج فلائٹ آپریشن شروع ہوگا، پہلی تمام پروازیں مدینہ منورہ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ پاکستانی عوام سعودی شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان السعود کے ساتھ ہے، ہمارے دل مکہ اور مدینہ منورہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اپنے بھائی اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی محبت و تعاون کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ ’’روٹ مکہ‘‘ ایک بڑا اقدام ہے، اس سے پاکستانی حجاج کرام کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولت ملے گی، سعودی حکومت اپنے مہمانوں کی مکمل خدمت کیلئے تیار ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے روڈ ٹو مکہ کے حوالے سے اقدامات پر شکر گزار ہوں۔ لاہور اور کراچی سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر کام جلد شروع ہو گا، کوشش ہوگی پاکستانی عازمین کو دیگر ایئرپورٹ پر بھی اگلے سال سہولت دیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=363938