فیصل آباد ۔ 02 جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس فیصل آباد نے گزشتہ ماہ جون میں 40 جرائم پیشہ گینگز کے 102 ملزمان کو گرفتار کیا۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پو لیس فیصل آباد نے رواں سال جون کے دوران ضلع فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ کے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرکے 40 خطرناک گینگزگرفتار کر لئے۔
ترجمان آر پی او رضوان بھٹی نے بتایا کہ پولیس نے گینگز میں شامل 102ملزمان کو گرفتار کیا، گینگز کی گرفتاری سے461 مقدمات یکسو ہوئے، ملزمان کے قبضہ سے17 وہیکلز، 307 موٹرسائیکلز، 07 تولے طلائی زیور ات، 34 عدد موبائل فون،18مویشی اور تقریباً18 ملین روپے سے زائدنقدی برآمد کی گئی۔منشیات فروشوں کے خلاف431مقدمات درج کرتے ہوئے435ملزمان گرفتار کیے گئے۔
ملزمان کے قبضہ سے چرس121کلوگرام، آئس08کلوگرام، شراب 6000 لیٹر، افیون02کلو گرام اور ہیرون41کلو گرام برآمد کرکے پولیس تحویل میں لی گئی۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 503 ملزمان سے پسٹل452،ریوالور02، بندوقیں 20،کلاشنکوف04،رائفلیں 25اور1470گولیاں برآمد کی گئیں۔ ریجنل پولیس نے کیٹگری اے کے331 اور کیٹگری بی کے 589مجرمان اشتہاریوں جبکہ کیٹگری اے کے57اور کیٹگری بی کے599عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔
آرپی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے محرم الحرام کو پرامن بنانے کیلئے ضلعی پولیس سربراہان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ علماء کرام،امن کمیٹیوں،منتظمین مجالس و جلوس اور اہم اکابرین سے مشاورت جاری رکھی جائے۔محر م الحرام کے دوران تمام مجالس اورجلوسوں کی موثر اور فول پروف سیکیورٹی کے تمام انتظامات کئے جائیں اور محرم الحرام کے حوالہ سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور حکومتی احکامات پرعملدرآمد کیا جائے۔
جلو س اور مجالس کے اطراف کی سیکیورٹی پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی قیام اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام تر وسائل بروئے کا ر لا ئے جائیں گے۔