لاہور۔10اپریل (اے پی پی):وزیر ریلویز حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، ریلویز میں اوور ٹائم کا نظام بحال کر دیا ہے، پرموشن کا نظام بھی جلد تیار کر لیا جائے گا،ریلویز کو دن رات محنت کر کے مزید مضبوط کرنا ہے ، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاںمغل پورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیرِ ریلویز حنیف عباسی نے کہاکہ ریلوے کو مزید مضبوط کرنے کیلئے ادارے کے ہر فرد کو مکمل دلجمعی اور جانفشانی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،حکومت ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی،جو ملازمین ادارے کی بہتری کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے انجام دیں گے انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین کا اوور ٹائم اور مزدوروں کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا گیا ہے اب ہر ماہ کی 5تاریخ کو مزدوروں کو تنخواہ ادا کر دی جائے گی،ملازمین ادارے کا اثاثہ ہیں جن کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔حنیف عباسی نے کہا کہ مغل پورہ ریلویز ورکشاپ میں جدید مشینیں لائی جائیں گی اور ورکشاپ کی اپ گریڈیشن بھی جلد کی جائے گی ، کوچز ،لوکوموٹیوز اور ٹرین کے پرزہ جات کے حصول کیلئے اقدامات جاری ہیں ، پرانی مشینیں استعمال میں نہ لانے کی وجہ سے زنگ آ لود ہو چکی ہیں لہذا نئی اور جدید مشینیں لائی جائیں گی جس سے ملازمین کے کام کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ستر ارب ڈالر کی معدنیات کونکالنے کیلئے باہر کی کمپنیاں دلچسپی لے رہی ہیں ، ان میں پٹرول ، گیس سمیت دیگر معدنیات کے ذخائر شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والوں کو خاک میں ملانے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس سانحہ میں شہید ہونے وا لے مسافروں اور ریلوے کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،پاکستان کی حفاظت کیلئے ہر شخص کوکمر بستہ ہونا پڑے گا ، پاکستان ہے تو ہم ہیں اس کے بغیر ہم کچھ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ سوچ اور ان کی باصلاحیت ٹیم کی وجہ سے آج پاکستان دوبارہ ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے
، مہنگائی میں کمی اور روز گار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں،مرکز میں وزیر اعظم شہباز شریف اور پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز ملکی معیشت کے استحکام کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، انشاء اللہ امید ہے کہ دو سے تین سال میں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی گزشتہ حکومت میں ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا ، لوڈشیڈنگ کو ختم کر کے پاکستان کو روشنیوں میں بدل دیا گیا تھا ، مہنگائی میں کمی اور بے روز گار نوجوانوں کیلئے روز گار کے وسیع مواقع پیدا کئے گئے ،ملکی معیشت میں استحکام آچکا تھا لیکن مسلم لیگ( ن) کی حکومت ختم کر کے ایک ناتجربہ کار شخص کو اقتدار پر بٹھا دیا گیا جس سے ملکی ترقی کا پہیہ رک گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوبیرونی سے زیادہ اندرونی دہشت گردوں کا سامنا ہے،
وہ لوگ جو اغیار اور پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ مل کر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ یاد رکھیں کہ ان کا انجام بھی انہی دہشت گردوں جیسا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی دہشت گردی ہے کہ آئی ایم ایف کو خطوط لکھے جا رہے ہیں کہ پاکستان کی امداد بند کر دی جائے اور اس کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اسکے ساتھ کھڑا نہ ہوا جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں حنیف عباسی نے کہا کہ جس طرح وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے ، ریلویز میں بھی ریلوے کالونیوں اور ریلوے اسٹیشنز پر پنجاب حکومت کے تعاون سے صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580345