ریڈیو پاکستان ٹیکنالوجی کے ذریعے مثبت قومی امیج کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے، غلام حیدر

ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

لاہور۔12فروری (اے پی پی):ریڈیو پاکستان ٹیکنالوجی پر مبنی ذرائع کے ذریعے ایک مثبت قومی امیج کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار ریڈیو پاکستان میں پوڈ کاسٹ پروڈیوسر غلام حیدر نے ورلڈ ریڈیو ڈے کے موقع پر”اے پی پی”سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سینما سائٹ،کلاسیکل میوزک ریسرچ سیل،ڈیجیٹل براڈ کاسٹ ٹریننگ لیب اور پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو جیسے حالیہ منصوبوں کی وجہ سے ریڈیو پاکستان کی عظمت رفتہ دربارہ بحال ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن لاہور میں ترقی پذیر رجحانات کے جواب میں شروع کئے گئے نئے منصوبوں کا مقصد نوجوانوں کو تخلیقی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا اور ملک کے ثقافت اور ورثے کی نمائش کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی طرف سفر نہ صرف ملک بھر میں بلکہ عالمی سطح پر بھی نشریات کو بڑھا دے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نشریاتی رجحانات کو اپناتے ہوئے تمام آرکائیو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کیا گیا۔