حب۔ 26 ستمبر (اے پی پی):ضلع لسبیلہ کے صدر مقام تحصیل اوتھل میں پیغمبر اسلام رحمت العالمین سرور کائناتؐ کے یوم ولادت جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے ریگستان میں اونٹوں پر سوار ہو کر جلوس میلادالنبیﷺ کا انعقاد کیا گیا ۔
جلوس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ریگستان میں ہر سو یارسول اللهؐ کے نعروں سے گونج اٹھا ۔پیغمبر اسلام سرور کائنات حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں پہلی بار وٹہ کے ریگستان میں علاقہ مکینوں کی جانب سے اونٹوں پر سوار ہو کر نکالا گیا ہے، جلوس کے شرکاء نے جانوروں کو سبز جھنڈیوں سے دلہن کی طرح سجا کر جلوس میں شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں سبز جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ دعوت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد شاہد عطاری مولانا لیاقت عطاری نے پیغمبر اسلام سرور کائناتؐ کے تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔