دبئی ۔15اپریل (اے پی پی):زمبابوے کرکٹ نے ٹی 10 گلوبل اسپورٹس کے تعاون سے ملک کی فرنچائز پر مبنی ٹی 10 ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے کرکٹ اسٹارز کو شامل کرنا ہے، نئے ٹورنامنٹ کو زیم افرو ٹی 10 کا نام دیا گیا جس کا افتتاحی ایڈیشن اگست میں ہو گا اور اس میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی، فرنچائزز، کھلاڑیوں کی نیلامی کی تاریخیں، مقابلے اور دیگر تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا،
پریس کانفرنس میں زیم افرو ٹی 10 کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تاوینگوا مکوہلانی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ لیگ شائقین کرکٹ کو اعلیٰ معیار کی تفریح مہیا کرے گی، ٹی 10 گلوبل اسپورٹس کے بانی اور چیئرمین نواب شجیع الملک نے کہا کہ وہ زمبابوے میں ٹی 10 کرکٹ کا جادو لانے پر پرجوش ہیں، کرکٹ کے ساتھ ہماری وابستگی بڑھتی جا رہی ہے، ہم زمبابوے میں ایک دلچسپ فارمیٹ لانے پر خوش ہیں جو نہ صرف کھیل تک رسائی اور ترقی کو آگے بڑھائے گا بلکہ فرنچائزز میں نجی سرمایہ کاری کے لئے بھی ایک بڑا موقع فراہم کرے گا۔