سیالکوٹ۔1نومبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع ) سیالکوٹ ڈاکٹر رانا قربان علی خاں نے کہا ہے کہ رواں سال زیادہ گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو لیزر لینڈ لیولرز اور ٹریکٹرز کے انعامات دئیے جائیں گے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 1 تا25 ایکڑ گندم کی کاشت کرنے والے کاشتکاروں کیلئےایک ہزار لیزر لینڈ لیولرز اور25 اوراس سے زائد رقبہ پر گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کیلئےایک ہزار ٹریکٹرز بذریعہ شفاف قرعہ اندازی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس لئے کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کریں اور اس انعامی سکیم کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب کے آبپاش علاقوں میں گندم کاشت کرنے کا موزوں وقت یکم نومبر تا15دسمبر ہے۔کاشتکار گندم کی کاشت کیلئے زمین اچھی طرح تیار کریں۔وریال زمینوں میں دوتا تین دفعہ وقفہ وقفہ سے ہل چلائیں۔کاشتکار گندم کی بروقت کاشت کیلئے یکم تا20 نومبر کیلئے شرح بیج 40 تا 45 کلوگرام فی ایکڑ رکھیں۔کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔
پنجاب کے آبپاش علاقوں کیلئے محکمہ زراعت کی منطور شدہ اقسام عروج22،نشان 21،دلکش20،سبحانی21،ایم ایچ21،صادق21،نواب21،اکبر19،بھکرسٹار19اور غازی19 ہیں۔ کاشتکار گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے بیماریوں سے پاک،صاف ستھرا اور صحت مند بیج استعمال کریں اور بیج کے اُگاؤ کی شرح 85 فیصد سے ہرگز کم نہیں ہونی چاہیے۔