سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے ، چینی ناظم الامور پانگ چنکسو کا تقریب سے خطاب

179
سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے ، چینی ناظم الامور پانگ چنکسو کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):پاکستان میں چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو نے کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے، دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر 475 سے زائد تحقیقی منصوبوں کو فنڈز فراہم کیے ہیں جن میں زراعت، ایرو اسپیس، اور کیمیائی صنعت بھی شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں چین پاکستان خلائی سائنس و ٹیکنالوجی تعاون کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1976 میں دونوں ممالک کے درمیان بین الحکومتی سائنس و ٹیکنالوجی تعاون کے معاہدے پر دستخط کے بعد شاندار نتائج حاصل ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان آبی وسائل کے تحفظ، طبی اور صحت کی دیکھ بھال، بائیو ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، ماحولیات، توانائی، موسمیات، ارضیات اور ٹیکنالوجی کے انتظام کے شعبوں میں بھی بہت سے منصوبوں کی مالی معاونت کی گئی ہے۔

چین کی ناظم الامور نے کہا کہ آج یہاں ہم چین کے خلائی سٹیشن میں چھ ماہ کے بعد پاکستانی ادویاتی پودوں کے بیجوں کو حوالے کرنے کی تقریب کے لیے آئے ہیں۔ شینزو XIV خلائی جہاز گزشتہ سال جون میں ایک سائنسی تجربہ کرنے کے لیے خلا میں بھیجا گیا تھا اور گزشتہ دسمبر میں بحفاظت زمین پر واپس آیا، یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی پودے خلا میں بھیجے گئے، یہ تجربہ یقینی طور پر چین پاکستان دوستی کی تاریخ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون کی تاریخ میں درج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سائنس و ٹیکنالوجی تعاون کو بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فریم ورک کے تحت شامل کیا گیا ہے جو یقیناً سی پیک کی اعلیٰ معیار اور پائیدار ترقی کو مضبوط معاونت فراہم کرے گا۔ چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو نے مشترکہ کوششوں پر دونوں ملکوں کے سائنسدانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، کامسٹیک اور پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے عہدیداروں اور کامسٹیک کے رکن ممالک کے سفیروں اور نمائندوں کو اس خصوصی موقع کا مشاہدہ کرنے کے لیے تقریب میں شرکت پر ان سے اظہار تشکر کیا۔ ناظم الامور نے کہا کہ تین ماہ قبل بیجنگ میں وزیر اعظم محمد شباز شریف سے ملاقات کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے اس بات کا اظہار کیا تھا کہ چین اپنی ترقیاتی حکمت عملیوں اور پاکستان کے درمیان ہم آہنگی کو مزید وسعت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے رہنمائوں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کی ایک اور واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔