لندن۔18ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن نے آئندہ ورلڈ کپ2023 ء میں پاکستان ٹیم کو خطرناک قرار دیا ہے۔ پیٹرسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ورلڈ کپ کے ممکنہ دعویداروں کا نام دیا جس میں پاکستان ٹیم بھی شامل ہے۔
پیٹرسن نے اپنے غیر متوقع کھیل کے لئے مشہور پاکستان کرکٹ ٹیم کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میدان میں ان کی استعداد انہیں ایک ایسی ٹیم بناتی ہے جسے کسی طور بھی کم نہیں سمجھا جا سکتا اور وہ ہمیشہ دوسری ٹیموں کو مشکلات میں ڈالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پیٹرسن نے بھارتی ٹیم کو ہوم گرائونڈ کی وجہ سے فیورٹ قرار دیا جبکہ انگلش ٹیم اپنی شاندار پرفارمنس کے بعد بھارت کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
پیٹرسن نے اپنے ٹویٹ میں آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کرنے والی جنوبی افریقہ کو بھی ورلڈ کپ کی مضبوط دعویدار قرار دیا، پروٹیز ٹیم میں ہینرک کلاسن سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کو بھی ورلڈ کپ کیلئے مضبوط امیدوار قرار دیا۔