کراچی۔5مئی (اے پی پی):پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)کی 73 سالہ تاریخ میں پہلی بارادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایک خاتون چیئرپرسن کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔پی ایس ایکس کے نو منتخب بورڈ کے ہونے والے پہلے اجلاس میں ڈاکٹر شمشاد اختر کو متفقہ طور پرپی ایس ایکس بورڈ کا چیئرپرسن منتخب کیا گیا ہے۔یہ پاکستان کی خواتین کے لیے یاد گار لمحہ ہے کہ ملک کی کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو بورڈ چیئرپرسن کے طور پرمنتخب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شمشاد اختر کا نام کسی تعاف کا محتاج نہیں ہے کیونکہ وہ نہ صرف پاکستان کی فنانشل مارکیٹس کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتی ہیں بلکہ ماضی میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے منصب پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔
انہوں نے 1990 کی دہائی میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک میں اپنے دور میں کیپٹل مارکیٹ میں ترقیاتی اصلاحات کی سربراہی کی اور حال ہی میں نگراں وزیر خزانہ کی حیثیت سے کیپٹل مارکیٹ روڈ میپ کے سلسلے میں صنعت کے ساتھ بھی خدمات انجام دیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ کے چیئرپرسن منتخب ہونے پر، ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ، پاکستان کیپٹل مارکیٹ سے میری طویل وابستگی کے بعد، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن کی حیثیت سے نمائندگی کرنا اور ایس ای سی پی کی کوششوں میں شامل ہونامیرے لیے باعث فخر ہے، نیا بورڈ اور انتظامیہ یقینا اس ادارے کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔
میں اس بات کی منتظر ہوں کہ ہم اپنی مشترکہ کوششوں کے ذریعے،ایک اہم ادارے کے طور پر پی ایس ایکس کی اہمیت میں مزید اضافہ کریں تاکہ وہ ڈیبٹ اور ایکویٹی مارکیٹ کو مزید وسعت دینے، اپنے سرمایہ کاروں اور مصنوعات کی بنیاد کو بڑھانے اور خدمات کی موثر انداز میں فراہمی کے ذریعے اپنے تمام صارفین کے لیے گورننس کے اعلی معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے مارکیٹ کیپٹلائزیشن کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکے۔
سابقہ بورڈ کی میعاد کی تکمیل کے بعداس سے قبل ریگولیٹری مشق کے ایک حصے کے طور پر 19 اپریل 2021 کو منعقد ہونے والے ایکسٹرا آرڈنری جنرل میٹنگ (ای جی ایم) میں مندرجہ ذیل سات (7) شیئر ہولڈر ڈائریکٹرز کا انتخاب عمل میں آیا۔ ایس ای سی پی نے قابل اطلاق شرائط کے تحت منتخب شیئر ہولڈر ڈائریکٹرز کو کلیئر کیا جن میں وانگ با جن، احمد چنائے، فو ہا، یو ہینگ، محترمہ یو ہوالی، ندیم نقوی اور زبیر رزاق پلو الا شامل ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)نے 29 اپریل 2021 کو ایس ای سی پی کی منظوری کے بعد اپنے بورڈ میں تین خود مختار(انڈیپنڈنٹ)ڈائریکٹرز کے تقرر کا اعلان کیا تھا جن میںڈاکٹر شمشاد اخترجو کہ اب بورڈ کے چیئرپرسن کے طور پر منتخب ہوئی ہیں، جاوید قریشی اور محمد صلاح الدین منظور شامل ہیں۔
سابقہ بورڈ کی جانب سے فروری 2021 میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں ایس ای سی پی کی متعلقہ ہدایت کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کا موجودہ حجم (سائز)طے کیا گیا تھا جس میں مجموعی طور پر گیارہ ممبران شامل تھے جن میں سات شیئر ہولڈر ڈائریکٹرز، تین خودمختار(انڈیپنڈنٹ)ڈائریکٹرز اور سی ای اوشامل تھے۔پی ایس ایکس کے سی ای او فرخ ایچ خان نے بورڈ کی پہلی خاتون چیئرپرسن اور نئے ریٹرننگ ڈائریکٹرز کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک شاندار نیا بورڈ موجود ہے اور مجھے یقین ہے کہ نومنتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز، ایکسچینج کے تمام اسٹیک ہولڈرز اور پاکستان کے کیپٹل مارکیٹ کو کامیابی، خوشحالی اور ترقی کی اور بھی اونچائیوں تک لے جانے کے لیے رہنمائی فراہم کریں گے۔
میں ایس ای سی پی کا مشکور ہوں کہ ہمیں اس سلسلے میں اور پی ایس ایکس کے نامزد ڈائریکٹرز کی منظوری کے لیے ان کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کافی جوش اور فخر محسوس کررہے ہیں ہے کہ ڈاکٹر شمشاد اختر جیسی شخصیت پی ایس ایکس کے چیئرپرسن کے طور پر خدمات انجام دیں گی۔ کیپٹل مارکیٹ کے حوالے سے ان کی سمجھ بوجھ اور عالمی معیار کا تجربہ ہونے کے باعث کیپٹل مارکیٹ اور پی ایس ایکس کی ترقی کے لیے ان کی خدمات بیش بہا ثابت ہوں گی۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ پی ایس ایکس کی سربراہی کرنے والی پہلی خاتون ہیں جس کی وجہ سے ہم ان کے استقبال کے لیے پر جوش ہیں اور فخر محسوس کررہے ہیں۔
فرخ خان نے سبکدوش ہونے والے بورڈ کی جانب سے حمایت اور رہنمائی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ، غیر معمولی طور پر چیلنجنگ سال کے دوران، سبکدوش ہونے والا بورڈ میرے اور انتظامی ٹیم کے لیے انمول حیثیت کا حامل رہا ہے۔ میں یقینی طور پر یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ سبکدوش ہونے والا بورڈ اپنی مدت کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں پر فخر کرسکتا ہے۔ آپ ایک ایسے پی ایس ایکس کو پیچھے چھوڑ رہے ہیں جس کی بنیادیں مضبوط ہیں اور جوآئندہ ترقی کرنے کے لیے تیار ہے۔پی ایس ایکس کے ڈائریکٹرز کے انتخاب، نامزدگی اور تقرری کے عمل کو کمپنیز ایکٹ 2017، سیکیورٹیز ایکس چینج (لائسنسنگ اینڈ آپریشنز)ریگولیشنز 2016 (ریگولیشنز)اور پی ایس ایکس ایسوسی ایشن کے آرٹیکلز کے تحت بیان کیا گیا ہے۔
ضوابط کے تحت لازمی ہے کہ خودمختار (انڈیپنڈنٹ)ڈائریکٹرز کی تعداد بورڈ کے کل ڈائریکٹرز کے ایک تہائی سے کم نہ ہو۔ بورڈ کی تشکیل لسٹڈ کمپنیوں پر لاگو تمام ضوابط کی تعمیل کے بعد کی گئی ہے۔ پی ایس ایکس نے سیلف-لسٹڈ سیکیورٹیز ایکسچینج اورلسٹڈکمپنیوں کے فرنٹ لائن ریگولیٹر کے طور پر تمام قوانین، قواعد و ضوابط جس سے یہ مشروط ہے، کی تعمیل کی ہے۔