اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی): سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سبکدوش ہونے والے صدر افتخار علی ملک نے بدھ کو اپنے عہدہ کی دو سالہ مدت مکمل ہونے پر سارک چیمبر کی صدارت کا قلمدان باضابطہ طور پر بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے جاشم الدین کو سونپ دیا۔ افتخار علی ملک نے ڈھاکہ میں منعقدہ پروقار تقریب سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نئے صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس فورم کو حقیقی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
افتخار علی ملک نے اپنی صدارت کے دوران سارک چیمبر کو فعال بنانے، خطے میں تجارت کو فروغ دینے اور سارک چیمبر کی پالیسیوں، اقدامات و حکمت عملیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے تجارتی نمائشوں، کاروباری کانفرنسوں اور فورمز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور علاقائی انضمام کو بڑھانے اور کاروباری معاملات کو سہل بنانے کیلئے بھرپور کام کیا۔
افتخار علی ملک نے پاکستان اور سارک ممالک کے کاروباری مفادات کی نمائندگی کرتے ہوئے تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے، سرمایہ کاری کے فروغ اور ریجنل اکانومی سے متعلق مسائل کو حل کیا۔ انہوں نے پاکستان اور رکن ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے تجارتی وفود کی قیادت کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی میٹنگز میں شرکت کی اور سرحد پار تعاون اور شراکت داری کے فروغ کیلئے سرگرم رہے۔
ان کی کوششوں کا مقصد سارک ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بڑھانا اور خیر سگالی کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے غربت کے خاتمے، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور ماحولیاتی پائیداری کے لیے انتہائی فعال کردار ادا کیا۔