لاہور۔15اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو و رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے حافظ آباد میں زہریلی مٹھائی کھانے سے تین بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لے لیا۔چیئرپرسن سارہ احمد کی خصوصی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو حافظ آباد کی ٹیم نے متاثرہ خاندان سے فوری رابطہ کیا اور لواحقین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔سارہ احمد کے مطابق حافظ آباد میں نا معلوم افراد نے آٹھ بچوں کو زہریلی مٹھائی کھلا دی،جس کے نتیجے میں تین معصوم بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ پانچ بچوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر چلڈرن ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا ہے۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے،انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ زہریلی مٹھائی کھلانے والے نا معلوم افراد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ زیر علاج بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582533