سانحہ کوئٹہ ،جب تک سہولت کاروں پر ہاتھ نہیں ڈالیں گے اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے، وفاقی وزیر اکرم خان درانی

113

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ جیسے بڑے سانحہ کے بعد ہم سرگرم ہوئے ہیں ،جب تک سہولت کاروں پر ہاتھ نہیں ڈالیں گے تو اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔ میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے حکومت اور فوج کو تقسیم نہ کرے ، بغیر سوچے سمجھے قومی لیڈروں پر غداری کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خفیہ اداروں اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے پاس داغدار لوگوں کی طویل لسٹ ہے۔ سانحہ کوئٹہ پر بہت افسوس ہوا، بڑا واقعہ ہے ہم کسی بڑے واقعہ کے بعد سرگرم ہوتے ہیں ۔جب تک دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث سہولت کاروں پر ہاتھ نہیں ڈالیں گے تو اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔