اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):سی پیک کے تحت قائم کیا گیا ساہیوال کول پاور پلانٹ جو کہ چائنا ہوانینگ گروپ کے زیر انتظام ہے، پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے، معیشت کے استحکام، روزگار کی فراہمی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل بن چکا ہے۔پیر کو ترجمان ساہیوال کول پاور پلانٹ کے مطابق 1,320 میگا واٹ صلاحیت کے حامل اس پاور پلانٹ نے دو 660 میگا واٹ یونٹس کے ذریعے پاکستان کے بجلی کے نظام کو تقویت بخشی ہے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو ممکن بنایا ہے۔
اس منصوبے نے نہ صرف صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا بلکہ مقامی آبادی کے لیے بھی روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کیے۔ایک مقامی انجینئر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ساہیوال پاور پلانٹ میں تربیت اور ترقی کے مواقع نے میری زندگی بدل دی۔ اب میں مالی طور پر مستحکم ہوں اور اپنے خاندان کو بہتر مستقبل دے رہا ہوں۔
ساہیوال کول پاور پلانٹ نے نہ صرف براہ راست ملازمتیں فراہم کیں بلکہ ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، مرمت و دیکھ بھال اور دیگر سپورٹنگ انڈسٹریز کو بھی فائدہ پہنچایا۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار کی پیروی کی جا رہی ہے جسے پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) نے بھی تسلیم کیا ہے۔
پاور پلانٹ میں پاکستانی اور چینی ماہرین کے اشتراک سے پاکستانی عملے کو جدید تکنیکی تربیت فراہم کی گئی جو ملک کی توانائی کے شعبے میں طویل المدتی خود کفالت کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ساہیوال کول پاور پلانٹ ایک ماڈل پروجیکٹ کے طور پر ابھرا ہے جو نہ صرف بجلی پیدا کرتا ہے بلکہ ترقی کی نئی راہیں بھی روشن کرتا ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کے عوام کے لیے امید کی کرن اور ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592670